آپ کے حقوق
آسٹریلیا خود کو ایک انصاف پسند ملک تصوّر کرتا ہے۔ بدقسمتی سے، کبھی کبھار لوگوں کے ساتھ اس وجہ سے غیرمنصفانہ سلوک ہوتا ہے کہ ان کی شکل و صورت کیسی ہے، وہ کہاں سے آئے ہیں یا کیا عقیدہ رکھتے ہیں۔ وکٹوریا میں ایسے قوانین ہیں جو لوگوں کو غیرمنصفانہ سلوک سے بچاتے ہیں اور وکٹوریا میں مساوی مواقع اور انسانی حقوق کا کمیشن (Victorian Equal Opportunity and Human Rights Commission) ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جن کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک ہوا ہو۔ اپنے حقوق اور اس بارے میں معلوم کریں کہ ہم کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
امتیازی سلوک سے کیا مراد ہے؟
وکٹوریا میں امتیازی سلوک سے متعلق قانون مساوی مواقع کا ایکٹ 2010 (Equal Opportunity Act 2010) ہے۔
امتیازی سلوک یہ ہے کہ آپ کے ساتھ آپ کی کسی ذاتی خصوصیت – جیسے آپ کی عمر، صنف، نسل یا معذوری کی وجہ سے – غیرمنصفانہ یا مختلف سلوک کیا جائے۔
قانون غیرمنصفانہ سلوک کو “ناموافق” کہتا ہے۔
وکٹوریا میں ان وجوہ سے کسی کے ساتھ ناموافق سلوک کرنا قانون کے خلاف ہے:
امتیازی سلوک کب قانون کے خلاف ہے
امتیازی سلوک تب قانون کے خلاف ہے جب یہ عوامی زندگی میں ہو۔ یہ قانون نجی طرزعمل پر لاگو نہیں ہوتا جیسے اگر گھر میں کچھ ہو جائے۔
عوامی زندگی میں یہ مواقع شامل ہیں:
- کام پر
- دکانوں یا ریستورانوں میں
- کوئی خدمت استعمال کرتے ہوئے، جیسے بینک یا انشورنس کی خدمات
- سکول، TAFE یا یونیورسٹی میں
- آپ کے کرایے کے گھر یا اقامت گاہ میں
- ہوٹل یا کیمپنگ کے مقام پر
- ہسپتال یا صحت کی نگہداشت کے ادارے میں جیسے آپ کے مقامی ڈاکٹر کے یہاں
- کھیلوں میں
- کلبوں میں
- پولیس، عدالتوں یا سرکاری محکموں سے واسطے میں
- پبلک ٹرانسپورٹ، ٹیکسی یا رائیڈ شیئر استعمال کرتے ہوئے۔
اگر آپ کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک ہوا ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں
اگر آپ کے ساتھ امتیازی سلوک ہوا ہے تو معلوم کریں کہ ہم کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں
جنسی ایذا دہی سے کیا مراد ہے؟
جنسی ایذا دہی سے متعلق قانون وکٹوریا میں مساوی مواقع کا ایکٹ 2010 ہے۔
جنسی ایذا دہی کا مطلب ایسا جنسی طرزعمل ہے جو دوسرے شخص کی مرضی کے خلاف ہو۔ اس میں یہ شامل ہو سکتا ہے:
- چھونا یا گھورنا
- سیکس یا ڈیٹ کا تقاضا کرنا
- جنسی طلب ظاہر کرنے والی باتیں یا حرکتیں
- ناگوار جنسی لطیفے
- ای میلز، ٹیکسٹ میسیجز یا سوشل میڈیا پوسٹس
- وڈیوز یا تصویریں۔
جنسی ایذا دہی سے مراد ایسا طرز عمل ہے جس سے کوئی شخص ناگواری، اہانت یا خوف محسوس کرے جبکہ اس طرزعمل کے ذمہ دار کو پہلے ہی معلوم ہونا چاہیے کہ دوسرے شخص کو ایسا محسوس ہو گا۔
مثال کے طور پر: سارہ ایک کمیونٹی تنظیم کے لیے رضاکارانہ کام کرتی ہے۔ اسے یہ کام پسند ہے لیکن اسے یہ اچھا نہیں لگتا کہ شفٹ ختم ہونے پر ہمیشہ مینیجر رضاکار خواتین کو کیسے گلے لگاتا ہے۔ اس نے مینیجر کو اس حرکت سے منع کیا لیکن مینیجر اب بھی یونہی کرتا ہے۔ سارہ جنسی ایذا دہی کی شکایت کر سکتی ہے کیونکہ قانون رضاکاروں کو تحفظ دیتا ہے۔
جنسی ایذا دہی کب قانون کے خلاف ہے
عوامی زندگی کے کچھ شعبوں میں ہونے والی جنسی ایذا دہی قانون کے خلاف ہے جن میں یہ بھی شامل ہیں:
- کام پر، چاہے آپ رضاکار یا بلاتنخواہ کام سیکھنے والے کارکن ہوں
- سکول میں
- خدمات حاصل یا استعمال کرنے کے سلسلے میں
- کرایے کا گھر یا کوئی اور اقامت گاہ لیتے ہوئے
- دکانوں میں۔
کچھ قسموں کی جنسی ایذا دہی فوجداری قانون کے تحت جرم بھی ہو سکتی ہے جیسے:
- جنسی اعضاء کی نمائش
- تعاقب یا نگرانی کرنا اور جنسی حملہ
- فحش یا دھمکی آمیز پیغامات جیسے فون کال، خط، ای میل، ٹیکسٹ میسیج یا سوشل میڈیا پوسٹ۔
اگر آپ کو جنسی ایذا دہی کا سامنا ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں
معلوم کریں کہ آپ کو جنسی ایذا دہی کا سامنا ہونے پر ہم کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں
اگر طرزعمل سنگین ہو اور آپ خود کو خطرے میں محسوس کرتے ہوں تو آپ 000 پر پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
1800 Respect بھی مدد اور کاؤنسلنگ (ماہرانہ مشورہ) پیش کر سکتے ہیں۔ 732 737 1800 پر کال کریں یا 50 14 13 پر کال کر کے انٹرپریٹر کے ذریعے بات کریں۔
نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی سے کیا مراد ہے؟
نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی سے متعلق قانون وکٹوریا کا نسلی و مذہبی برداشت کا ایکٹ 2001 ہے۔
نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی ایسا طرزعمل ہے جو ایک شخص یا ایک گروہ کے لوگوں کی نسل یا مذہب کی وجہ سے ان کے خلاف نفرت کو فروغ دے۔
وہ طرزعمل جو نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی ہو سکتا ہے
کردار کشی کرنے والے طرزعمل میں یہ شامل ہے:
- کسی شخص کی نسل یا مذہب کے بارے میں اس طرح بات کرنا جو دوسرے لوگوں کو اس سے نفرت کرنے یا اس کا مضحکہ اڑانے کی ترغیب دے سکتا ہو
- بغیر ثبوت کے ایسے دعوے شائع کرنا کہ کوئی نسلی یا مذہبی گروہ سنگین جرائم میں ملوّث ہے
- کسی دوسرے شخص کی نسل یا مذہب کے بارے میں بار بار اور سنگین بدزبانی یا جسمانی بدسلوکی
- کسی مخصوص نسل یا مذہب کے لوگوں کے خلاف تشدّد کی ترغیب دینا یا ان کی املاک کو نقصان پہنچانا
- لوگوں کو کسی نسلی یا مذہبی گروہ کے لوگوں سے نفرت کی ترغیب دینا جیسے اشتہاری پرچے، سٹیکر، پوسٹر، وڈیو، تقریر یا اشاعت، یا ویب سائیٹ، ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے۔
کسی کو دوسروں کی کردار کشی کی اجازت دینا یا اس میں کسی کی مدد کرنا بھی قانون کے خلاف ہے۔
مثال کے طور پر: میکائیل مسلمان ہے اور اس نے شکایت کی ہے کہ ایک سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹ لوگوں کو مسلمانوں سے نفرت کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ناگوار مواد شائع کر رہا ہے۔ یہ نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی ہو سکتی ہے۔
وہ طرزعمل جو نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی نہیں ہے
کچھ طرزعمل شاید کردار کشی نہ ہوں جیسے:
- ایسے انداز میں کسی مذہب پر تنقید کرنا، یا نسلی یا مذہبی خیالات پر مباحثہ کرنا، جس سے دوسروں کو نسلی یا مذہبی گروہوں سے نفرت کرنے کی ترغیب نہیں ملتی
- نسل پرستانہ حرکتوں کے بارے میں میڈیا رپورٹ
- ایسی حرکتیں جو کسی مخصوص نسل یا مذہبی کے لوگوں کو ناگوار لگیں لیکن جن سے دوسروں کو ان سے نفرت کرنے، ان کی توہین یا ان سے بدسلوکی کی ترغیب نہیں ملتی۔
اگرچہ ممکن ہے کہ ایک طرزعمل کردار کشی نہ ہو، یہ تب امتیازی سلوک ہو سکتا ہے جب یہ مساوی مواقع کے ایکٹ کے تحت آنے والے عوامی زندگی کے کسی پہلو میں واقع ہو۔
مثال کے طور پر: رنجیت نے شکایت کی کہ ایک مقامی بس ڈرائیور نے اس سے پوچھا کہ وہ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے، اسے بس کے آخر میں بیٹھنے کو کہا اور رنجیت کے پاس سے گزرتے ہوئے ڈرائیور زور سے پھنکارا۔ یہ نسلی یا مذہبی حوالے سے کردار کشی نہیں ہے لیکن شاید رنجیت نسلی امتیاز کے حوالے سے شکایت کر سکتا ہے۔
اگر آپ کی نسلی یا مذہبی حوالے سے کردار کشی کی گئی ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں
معلوم کریں کہ اگر آپ کی نسلی یا مذہبی حوالے سے کردار کشی کی گئی ہے تو ہم آپ کی کیا مدد کر سکتے ہیں
اگر طرزعمل سنگین ہو اور آپ خود کو خطرے میں محسوس کرتے ہوں تو آپ 000 پر پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
نشانہ بنائے جانے سے کیا مراد ہے؟
کسی کو نشانہ بنانا قانون کے خلاف ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ کسی شخص کے ساتھ اس وجہ سے برا سلوک کیا جائے کہ اس نے:
- شکایت کی تھی یا کوئی سمجھتا ہو کہ وہ شکایت کر سکتا ہے
- کسی اور کو شکایت کرنے کے لیے مدد دی تھی
- مساوی مواقع کے ایکٹ یا نسلی اور مذہبی برداشت کے ایکٹ کے تحت اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی تھی
- ایسی کسی حرکت کے لیے آمادگی نہیں دکھائی جو امتیازی سلوک، جنسی ایذا دہی اور نسل یا مذہب کے حوالے سے کردار کشی ہو۔
مثال کے طور پر: میکالا کے باس نے اسے اس لیے تنبیہ کی کہ وہ ایک ساتھی کارکن کی جانب سے نسلی امتیاز کی شکایت کی گواہ تھی۔
اگر آپ کو نشانہ بنایا گیا ہے تو معلوم کریں کہ ہم کیسے آپ کی مدد کر سکتے ہیں
میرے انسانی حقوق کا تحفظ کیسے ہوتا ہے؟
انسانی حقوق اور فرائض کا چارٹر وکٹوریا کا قانون ہے جو وکٹوریا میں تمام لوگوں کے بنیادی حقوق، آزادیاں اور فرائض بیان کرتا ہے۔ اس کا تعلق حکومت اور عوام، جن کی حکومت خدمت کرتی ہے، کے تعلقات سے ہے۔
چارٹر کے تحت آپ کو اپنی تہذیب و ثقافت سے لطف اندوز ہونے، اپنے مذہب پر عمل اور اپنی زبان استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔ یہ حق تمام تہذیبی، مذہبی، نسلی یا لسانی پس منظروں کے لیے ہے۔
ہم آپ کو چارٹر کے بارے میں معلومات دے سکتے ہیں لیکن ہم چارٹر سے متعلق شکایات پر کام نہیں کرتے۔
اگر آپ سمجھتے ہیں کہ کسی عوامی اتھارٹی – جیسے سرکاری ڈیپارٹمنٹ یا لوکل کاؤنسل – نے آپ کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے تو آپ کو وکٹورین اومبڈزمین سے رابطہ کرنا چاہیے [6222 9613 (03) یا 314 806 1800 پر (صرف ریجنل وکٹوریا میں)۔
اگر آپ پولیس کے طرزعمل کے بارے میں شکایت کرنا چاہتے ہیں تو Independent Broad-based Anti-corruption Commission (سرکاری محکموں میں بدعنوانی کی چھان بین کرنے والا خودمختار کمیشن) سے رابطہ کریں یا 135 735 1300 پر۔